بنگلورو:15/اپریل(ایس او نیوز) شہر میں کل رات پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک نجی ٹی وی چینل جنا شری کے چیف ایگزی کیٹیو آفیسر لکشمی کانت واجپائی اور اس کے عملہ کے آٹھ اراکین کو رشوت لیتے ہوئے رنگ ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ پچھلے چندد نوں سے یہ ٹی وی چینل مختلف تجارتی گھرانوں اور معروف اداروں کو نشانہ بنا رہا تھا اور ان کے متعلق منفی تشہیر کی شروعات کے بعد ان کے ساتھ سودے بازی کرکے ان سے رقم لے رہاتھا۔ خاص طور پر اس چینل نے شہر کے کچھ اہم مسلم اداروں کو نشانہ بنانے کی منظم کوشش کی، کل بھی اس چینل نے ایک مسلم ادارہ کو نشانہ بنایا اور اس ادارہ کے خلاف گمراہ کن خبروں کا سلسلہ روکنے کیلئے ادارہ کے ذمہ داروں سے پندرہ کروڑ روپے کی رقم طلب کی، تاہم ادارہ کے ذمہ داروں نے یہ رقم دینے کی بجائے لکشمی کانت واجپائی اوران کے ساتھیوں کو رقم دینے کے بہانے اسٹنگ آپریشن کیا اور رنگے ہاتھوں رقم دیتے ہوئے لکشمی کانت واجپائی، اس کے معاون متھن اور دیگر عملہ کے اراکین کو پولیس کے حوالے کردیا۔اس سلسلے میں ابتدائی جانچ کے بعد پولیس نے لکشمی کانت واجپائی اور متھن کو گرفتارکرکے اس کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ بتایا جاتاہے لکشمی پرساد واجپائی کی طرف سے اداروں کو بلیک میل کرنے اور ان سے زبردست رقم وصول کرنے کا طریقہ یہ تھاکہ وہ شہر کے چند منتخب اداروں کو بدنام کرنے کا سلسلہ اپنے ٹی وی چینل پر شروع کرتا اور جیسے ہی ان اداروں کے ذمہ داروں کی طرف سے اس سے رابطہ قائم کیاجاتا تو وہ انہیں دھمکیاں دیتا کہ ان کے متعلق اس کے پاس اور بھی بہت سارے ریکارڈ موجود ہیں جو وہ اپنے جنا شری کے ذریعہ نشر کریگا اور ان کی تجارت اور شہرت کوبرباد کردے گا۔اس سلسلے کو روکنے کیلئے وہ ان اداروں کے ذمہ داروں سے بھاری رقم کا تقاضہ کرتا۔اڈیشنل کمشنر آف پولیس ہیمنت نمبالکر نے لکشمی پرساد واجپائی اور متھن کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ کل کورمنگلا پولیس تھانہ میں شہر کے ایک تاجر کی طرف سے ایک شکایت درج کرائی گئی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے جنا شری کے دفتر پر اس وقت چھاپہ مارا جب بلیک میل کرتے ہوئے لکشمی پرساد واجپائی کی طرف سے طلب کی گئی رقم کی پہلی قسط اسے دی جارہی تھی۔ اس سلسلے میں پولیس نے دفعہ 384کے تحت مقدم درج کیاتو دوسری طرف شہر کے ایک اور مسلم تجارتی ادارہ نے کمرشیل اسٹریٹ پولیس تھانہ میں لکشمی پرساد واجپائی اور اس کے ساتھیوں کے خلاف ایسا ہی ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ایف آئی آر داخل کیا، اس تھانہ میں دفعہ 34,506,385 اور 384کے تحت مقدمہ درج کیاہے۔ بتایاجاتاہے کہ لکشمی پرساد واجپائی نے اس ادارہ سے دس کروڑ روپے نقد اور تیس لاکھ روپیوں کے زیورات زبردستی وصول کرلئے تھے، اور پندرہ کروڑ روپے مزید ادا کرنے کیلئے ہراساں کررہاتھا۔اس کے علاوہ واجپائی اور جنا شری چینل کے خلاف مہالکشمی پورم میں پولیس تھانہ میں بھی دفعہ385,34 اور507کے تحت مقدمہ درج ہے۔اس کیس میں بھی واجپائی نے زبردستی رقم وصول کرنے کی کوشش کی ہے۔ مسٹر نمبالکر نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ ایسٹ بورلنگیا کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اس گروہ کو گرفتار کیا۔واجپائی کی ایسے دیگر معاملات میں شمولیت کے بارے میں بھی پولیس جانچ میں مصروف ہے۔